7 جولائی 2013 - 19:30
ہیکل سلیمانی کی تعمیر کیلیے صہیونیوں کی نئی دعوتی مہم

انتہا پسند یہودی آباد کاروں اور ان کی نمائندہ تنظیموں نے مسجد اقصیٰ کے مقام پرمذموم ہیکل سلیمانی کی تعمیرکے لیے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ اس ضمن میں "جبل ہیکل کی طرف واپسی" کے نام سے قائم یہودی انتہا پسند گروپ پیش پیش ہے۔ اس تنظیم نے آئندہ اتوار(14 جولائی) کو مسجد اقصیٰ کے قریب تین روزہ احتجاجی کیمپ لگانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ابنا: انتہا پسند یہودی آباد کاروں اور ان کی نمائندہ تنظیموں نے مسجد اقصیٰ کے مقام پرمذموم ہیکل سلیمانی کی تعمیرکے لیے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ اس ضمن میں "جبل ہیکل کی طرف واپسی" کے نام سے قائم یہودی انتہا پسند گروپ پیش پیش ہے۔ اس تنظیم نے آئندہ اتوار(14 جولائی) کو مسجد اقصیٰ کے قریب تین روزہ احتجاجی کیمپ لگانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب مسجد اقصیٰ کی تعمیرو مرمت کی ذمہ دار تنظیم"الاقصیٰ فاؤنڈیشن وٹرسٹ" کی جانب سے جاری ایک بیان میں صہیونی تنظیم کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے سنگین نتائج پرانتباہ کیا ہے۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق اقصیٰ فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وسط جولائی کے دوران یہودیوں کی مسجد اقصیٰ پریلغار کی مکروہ سرگرمیاں تیز ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ"جبل ہیکل کی جانب واپسی" نامی گروپ نے قبلہ اول کے قریب چودہ سے سولہ جولائی کے دوران ایک احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس دھرنے کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جا رہی ہے۔ اس اعلان کے بعد اب یہودیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو اس مقام پر جمع کرنے اور ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی دعوت دینے کی سازش تیار کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ وسط جولائی کےایام یہودیوں کے نزدیک اس لیے اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ان کے خیال میں مذموم ہیکل سلیمانی کو انہی تاریخوں میں تباہ کیا گیا تھا۔ عبرانی مہینے کے یہ ایام قریب آتے ہی انتہا پسند یہودیوں کی مسجد اقصیٰ پریلغار بڑھ جاتی ہے۔ اقصیٰ فاؤنڈیشن کے مطابق یہودی انتہا پسند مقبوضہ بیت المقدس کے قدیم شہر میں "ساقر گارڈن" میں کیمپ لگائیں گے جہاں پر یہودی ربی بھی تقاریر کریں گے۔

اقصیٰ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ "جبل ہیکل کی طرف واپسی" کی جانب سے یہ اقدام ان جملہ سازشوں میں سے ایک ہے جو قبلہ اول کے خلاف عرصہ دراز سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں آج پیر کو بیت المقدس ہی میں "ہیکل سلیمانی" کے حوالے سے ایک کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کانفرنس میں نائب وزیرمذہبی امور الیاھو بن دھان شرکت کریں گے۔ اسی سلسلے میں دس جولائی کو مغربی کنارے میں "شیفی شمرون" یہودی کالونی میں بھی ایک کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں یہودیوں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے کے لیے پلاننگ کی جائے گی۔

اقصیٰ فاؤنڈیشن نے انتہا پسند یہودیوں کی ان معاندانہ سرگرمیوں کے تناظر میں عالم اسلام سے مسجد اقصیٰ کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔ فاؤنڈیشن کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ انتہا پسند یہودیوں کی مذموم ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی سازشیں مسجد اقصیٰ کے وجود کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ ان کے انسداد کے لیے مسلم امہ کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کراقدامات کرنا ہوں گے۔

.......

/169